جماعت اسلامی کاحکومت سے یتیموں کیلئے موثر پالیسی بنانے کا مطالبہ
یتامیٰ کی بہترین کفالت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے،ثمینہ احسان
راولپنڈی(جی این اے)ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان نےکہا ہے کہ یتیم بچوں کی کفالت اور انکی بہترین پرورش ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
یوم یتامیٰ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہاکہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کا تقاضا ہےکہ معاشرے کے تمام یتیم بچوں کو وہی شفقت٫محبت اور سہولیات فراہم کی جائیں جو ایک عام بچے کو میسر ہوتی ہیں.انہوں نے کہا الحمدللہ جماعت اسلامی پاکستان ہمیشہ سے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہی ہے۔ آج یومِ یتامیٰ کے موقع پر ہم ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔یتیم بچے ہماری اجتماعی ذمہ داری ہیں،اور اسلام نے ان کی کفالت پر خصوصی زور دیا ہے۔ نبی کریمؐ نے یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنے کو جنت میں اپنی قربت کی علامت قرار دیا۔
انہوں ے مذید کہا کہ حکومت سے بھی ہمارامطالبہ ہے کہ یتیم بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر پالیسی بنا کر فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے۔