اسلام آباد(جی این اے)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ قرآن کا نظام نفاذ کے لیے آیا ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری زندگی داعیانہ کردار ادا کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کرہ ارض کے بہترین لیڈر ہیں،آپ کی تعلیمات کا بنیادی محور باصلاحیت قیادت کی تیاری ہے۔
فیصل آباد میں لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کے اصول حقوق، مساوات، عدل و انصاف کے قیام پر مبنی تھے۔ درحقیقت اللہ تعالیٰ کا محبوب وہی ہے جو اس کی مخلوق کے لیے خیر کا سبب بنے۔ کسی بھی تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے اخلاص، علم اور حکمت جیسے قیمتی اوصاف لازمی ہیں۔ یہی مقصد اس لیڈرشپ پروگرام کے انعقاد کا تھا تاکہ سرفروش قیادت تیار کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی ورکشاپس کے ذریعے جماعت اسلامی ذیلی سطح پر مثالی منصوبے فراہم کرتی ہے تاکہ مقامی ذمہ داران اپنے حالات کے مطابق منصوبہ بندی کر سکیں۔
ڈپٹی سیکریٹری حلقہ خواتین، ثمینہ سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہترین قیادت وہ ہے جو کارکنان کی فلاح کی خواہش مند ہو۔ فریضۂ اقامت تاحیات ذمہ داری ہے۔نبوی مشن کی تکمیل کیلئے نوجوان نسل کی تربیت ناگزیر ہے۔