راولپنڈی(جی ای اے) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی، مولانا عبدالخبیر کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی جگہ سے ربیع الاوّل کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی،عید میلاد النبی ﷺ 6 ستمبر کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی صاحبزادہ ابوالخبیر کی زیر صدارت ہوا،جس میں رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان شریک تھے۔اس کے علاوہ اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔
رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر کے کسی بھی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل کو ہوگی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی، مولانا عبدالخبیر نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر میں کسی بھی جگہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ربیع الاوّل کا پہلا دن 26 اگست بروز منگل جبکہ 12 ربیع الاوّل (عید میلاد النبیؐ) 6 ستمبر بروز ہفتے کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔