راولپنڈی اوراٹک کی بڑی شخصیات نئی جماعت ’عوام پاکستان‘ میں شامل ہونے لگیں؟
عوام اورسیاسی رہنماسمجھ چکے کہ پرانی سیاسی جماعتیں صرف اقتدارکیلئے سیاست کرتی ہیں،چوہدری سرفرازافضل
راولپنڈی(جی این اے)عوام کو اب سمجھ آگئی ہے کہ پرانی سیاسی جماعتیں صرف اقتدارکیلئے سیاست کرتی ہیں،بہت جلد ہماری سیاسی جماعت ’عوام پاکستان‘میں راولپنڈی اوراٹک کی اہم اوربڑی سیاسی شخصیات شامل ہونے جارہی ہیں۔عوام پاکستان کے کنوئینراورسابقہ پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل نے بڑا دعوی کردیا۔
چوہدری سرفرازافضل نے ٹیکسلا اورحسن ابدال کے دورے کے موقع پرمزید صحافیوں کوبتایا کہ اقدارنام کی کوئی چیز پرانی سیاسی جماعتوں میں نہیں ہے،غریب عوام مہنگائی اوربے روزگاری کی چکی میں پس کررہ گئے ہیں مگر حکمران جماعتوں اوردیگرسیاسی جماعتیں صرف اپنے اپنے مفاد کی جنگ لڑنے میں مصروف کارہیں۔یا پھراپنی کرپشن بچانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں،عوام کن مسائل سے دوچارہیں کسی لیڈرکو کوئی فکر نہیں ہے۔
حکمران جماعت پر مزید تنقید میں کہا کہ وطن عزیز کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے دعوے کرنے والے آج پورے خاندان کے ساتھ برطانیہ میں بے نقاب ہوچکے ہیں ۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعت کا ایک ہی ایجنڈا رہ گیا ہے کہ کسی طرح انکا لیڈرجیل سے باہرآجائے۔ایسی صورت حال میں عوام کے مسائل کو سمجھنے اورپھر حل کرنے کاایجنڈا صرف ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت ’عوام پاکستان‘ کے پاس ہی ہے جسکا منشوربہت جلدہرگھرتک پہنچائیں گے۔
ٹیکسلا اور حسن ابدال کی انتہائی اہم شخصیات سے بھی چوہدری افضل نے ملاقاتیں کیں اورانہیں عوام پاکستان کا اصل مقصدبھی گوش گزارکیا۔انکے ہمراہ عوام پاکستان کے سینیر رہنما راجہ عتیق سرور،راجہ آفاق سرور،بیرسٹر مطاس چوہدری نے بھی ٹیکسلا اور حسن ابدال کا دورہ کیا اور جماعت کا پیغام اہم سیاسی شخصیات اور نوجوانوں تک پہنچایا۔