وزیراعظم شہبازشریف پی ٹی آئی کو فتنہ جماعت قراردیتے ہوئے برس پڑے

وفاق پرلشکرکشی کرنے والے جتھے کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں،امن وامان کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

0

اسلام آباد(جی این اے)پی ٹی آئی فتنہ جماعت ہے سیاسی جماعت نہیں،تخریب کرنے والا گروہ اورجتھا ہے انکے خلاف فوری مقدمات درج کئے جائیں،وزیراعظم شہبازشریف کا امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ تیسری اورچوتھی باروفاق پر لشکرکشی کی گئی ہے،2014سے پہلے ایسے ناپاک عزائم کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا،پہلے بھی ڈی چوک پر ایک سوچھبیس دن تک نہ صرف معیشت کی تباہی کی گئی بلکہ عالمی سطح پر ملک کی رسوائی بھی ہوئی،حتی کہ چین کے صدرنے بھی اپنا دورہ منسوخ کردیا تھا۔اب بیلاروس کے صدرنے حوصلے اورخندہ پیشانی سے اپنا دورہ مکمل کیا ہے۔

ایس سی اوکانفرنس کے دوران بھی انہوں نے ایسے ہی لشکرکشی کی کوشش کی تھی،ایسا گھائومعیشت کو لگا جسکا کو سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔چاررینجرزاورایک پولیس اہلکارشہید ہوا،جتھے نے تباہی کردی ہے۔اب ضرورت اس امرکی ہے کہ آگے بڑھا جائے ان احتجاجوں اوردھرنوں کی بدولت ملک کی معیشت کو یومیہ ایک سونوے ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے،لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے جو تماشادنیا کے سامنے لگایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کڑی تنقیدکرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی جماعت میں بھی ایسی مذموم سوچ نہیں دیکھی،پاراچنارکی طرف توجہ نہیں دے رہے بس اسلام آباد میں چڑھائی کرنی ہے۔انکو کوئی احساس نہیں کہ دوست ملکوں کے سرمایہ کاریہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں توہم کیوں ایسی حرکتیں کررہے،اب ان جھتوں کے خلاف ایف آئی آرکاٹی جائیں اورپراسیکیوٹ کردیا جائے۔اب یہ بھی فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا اس ملک کو اس فتنے کے حوالے کردیا جائے؟تخریب کارجماعت کے حوالے پاکستان کو کیا جائے؟اب انکو ملک تباہ کرنے کی ہرگزاجازت نہیں دے سکتے،ہمیں ایسے ہاتھ ہی توڑدینے چاہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.