دبئی(ویب ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان ہوگا یا نہیں؟آئی سی سی کے اجلاس میں بھی آج فیصلہ نہ ہوسکا،کل اجلاس کا دوبارہ انعقاد ہوگا اوراہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں فریقین نے مختلف تجاویز بھی پیش کی ہیں،جن پر کل غورہوگا،اس اہم اجلا س میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی کیساتھ دیگرکئی ملکوں کے سربراہان بورڈبھی شریک تھے۔اکثرنے ویڈیوکال کے ذریعے بھی اپنی شرکت یقینی بنائی۔
پاکستان کی طرف سے اجلاس میں پورازوراسی بات پردیا گیا کہ ایونٹ کو پاکستان میں ہی منعقدکیا جائے،ہائبرڈماڈل کی بھی مخالفت کی گئی،اس دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے بھی کچھ مشورے دئیے گئے مگرپھرمعاملہ ہفتے کے دن تک موخرہوگیا۔یہ بھی معلوم ہوا کہ پاکستان اوربھارت کے بورڈزاپنی حکومتوں سے بھی مشورہ کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لیں گے تاکہ کوئی فیصلہ سامنے آسکے۔
دوسری طرف آئی سی سی کی یہ بھی کوشش ہے کہ ایسا حل نکالا جائے جو سب فریقین کیلئے قابل قبول ہو،بھارت کے نہ آنے سے نقصان کی تفصیل سے بھی آئی سی سی آگاہ کرے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان بھی اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے اورصاف کہا تھا کہ اگربھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی یا اسے کسی قسم کا فائدہ پہنچانے کی کوشش بھی کی گئی تو پاکستان کسی بھی میدان میں آئیندہ بھارت کے خلاف نہیں کھیلے گا،چئیرمین بورڈنے یہ پیغام بھی دیا تھا کہ اب جوبھی فیصلہ ہوگا وہ برابری کی بنیادپرہوگا۔