اسلام آباد(جی این اے)پردیسیوں کی بھی سن لی گئی،اب اوورسیز ہم وطنوں کو ارجنٹ پاسپورٹ سات روزاورنارمل پاسپورٹ تیس دن میں وصول ہوجائے گا،اب پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادراآفس لندن میں دورے کے دوران شکایات ملنے پر سخت نوٹس لے لیا۔
اس پالیسی پردنیا میں جہاں کہیں بھی پاکستانی مقیم ہیں وہاں عملدرآمد ہوگا،اس سے قبل اووسیز کو پاسپورٹ ترسا ترسا کے دیا جاتا تھا یعنی ارجنٹ پاسپورٹ پینتالیس دن میں جبکہ نارمل پاسپورٹ چارماہ میں فراہم کیا جاتا تھا۔
اس حوالے سے وزیرداخلہ نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ اب جو مدت پاسپورٹ فراہمی مقررکی گئی ہے اس سے زیادہ تاخیر کی گئی تو افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس پالیسی کا باقائدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے اوروزیرداخلہ کی پرسنل اسٹنٹ ایس پی شہربانو کی نگرانی میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔اووسیز پاکستانی ای میل کے ذریعے بھی اپنی شکایات بھیج سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے نادرآفس میں عملے کی کمی کا بھی نوٹس لیا ہے۔