اسلام آباد(جی این اے) ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستا ثمینہ سعید نے کہا کہ قرآن فہمی کے بغیر دین کے لوازامات کو احسن انداز میں مکمل کرنا ممکن نہیں ہے۔
حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے کہا کہ ایک مسلمان کے عقائد و شعور کو پختہ کرنے کے لیے قرآن کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ سیکھنا از حد ضروری ہے۔قرآن فہمی کے بغیر دین کے لوازامات کو احسن انداز میں مکمل کرنا ممکن نہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے قرآن انسٹیٹیوٹ برائے خواتین گجرات کی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نےکہا کہ قرآن ہمارا انفرادی و اجتماعی زندگی کو سنوارنے کے لیے مکمل منشور حیات فراہم کرتا ہے۔جماعت اسلامی قرآن کی دعوت کے ذریعے معاشرتی و سیاسی تبدیلی کی خواہاں ہے-قرآن کا مخاطب براہ راست انسان ہے اور قرآن کی تمام تعلیمات انسانی زندگی کو سنوارنے اور معاشرتی اصلاح پر مبنی ہیں۔ ثمینہ سعید نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ طالبات جنہوں نے قرآن کو فہم کے ساتھ سیکھا اور اپنی زندگی کو ان تعلیمات کے مطابق گزارنے کا عہد کیا-
تقریب میں نائب ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی زاہدہ اشرف،ناظمہ ضلع گجرات نائلہ بتول،نائب ناظمین ضلع گجرات نائلہ نعیم،ساجدہ اشرف،ناظمہ شہر گجرات اور پرنسپل قرآن انسٹیٹیوٹ نرگس بانو نے خصوصی شرکت کی۔ قرآن انسٹی ٹیوٹ گجرات کی طالبات اور اسٹاف سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں سیشن 2021 تا 2024 کے دوران ہونے والے ایک اوردو سالہ ڈپلومہ کورسز اور دیگر کورسز سے فارغ التحصیل طالبات کواسناد و انعامات اور سرٹیفیکیٹس دئیے گئے۔