وفادارکتا

0

افشاں قریشی

دس سالہ ریحان پڑھائی میں تو اچھا تھا مگر اسکی ایک عادت بہت بری تھی کہ وہ گھر میں رکھے پالتو کتے کو بہت تنگ کرتا تھا،کبھی دم کو پکڑکر کھینچ لیتا تھا،کبھی اسکے کان مروڑدیتا اورکئی باروہ سویا ہوتا تو اس پر پانی بھی گرادیتا تھا،اسکی امی نے کئی باراسکو منع کیا کہ کتے کو مت تنگ کرومگر وہ ایک کان سے سنتا تو دوسرے سے نکال دیتا تھا۔

کتا اگرچہ تنگ ہوتا تھا مگر وفادارہونے کی وجہ سے کبھی ریحان کو کاٹنے کی کوشش نہیں کی،بس ایک جگہ سے دوسری جگہ جاکربیٹھ جاتا تھا،اسکی اداس آنکھوں سے صاف دکھائی دیتا کہ اسے ریحان کی ایسی شرارتیں پسند نہیں آرہی ہیں لیکن ریحان تو بس اسے تنگ کرکے خوش ہوتا،قہقے لگاتا۔

ایک دن ریحان امی کی اجازت کے بغیر دوپہر کے وقت گلی میں کھیلنے میں مصروف تھا کہ ایک شخص ریحان کے پاس آیا تو اسے کہنے لگا کہ میرے ساتھ چلومیں تمہیں بہت اچھا فٹبال دوں گا اورمیرے پاس بہت سی چاکلیٹس بھی پڑی ہیں وہ بھی تم لے لینا مگرریحان کو امی کی یہ بات یاد تھی کہ کبھی کسی اجنبی کیساتھ بات کرنی ہے نہ ہی اسکے قریب جانا ہے،اسلئے ریحان نے انکارکردیا اوراپنے گیٹ کی طرف بڑھنے ہی والا تھا کہ اس شخص نے دپوچ لیا،ریحان کی چیخ سنتے ہی وفادارکتا فوراًگیٹ سے باہر آگیا اوراس شخص پر ایسا حملہ کیا کہ وہ سمبھل ہی نہ پایا اورریحان بھی اسکے ہاتھ سے نکل گیا۔بڑی مشکل سے وہ شخص کتے سے جان چھڑا کرزخمی حالت میں بھاگا۔

شورسن کرگلی کے باقی لوگ بھی گھروں سے نکل آئے،ریحان کے امی ابو کو جب معلوم ہوا تو انہوں نے جہاں ریحان کو گھر سے باہر کھیلنے پر ڈانٹا وہیں کتے کو خوب لاڈپیارکیا،تب امی نے ریحان سے کہا کہ تم اسکو کتنا تنگ کرتے ہو،اسکو اداس کردیتے ہومگر آج دیکھو اسی نے تمہیں اس برے آدمی سے بچا لیا،ریحان کو بھی اپنے کئے پر بہت شرمندگی محسوس ہوئی،اس نے امی ابو سے تو معافی مانگی مگر یہ عہد بھی کیا کہ آج سے اپنے پالتو دوست کو کبھی تنگ نہیں کرے گا،اسکے ساتھ کھیلے گا،وقت پر اسکے کھانے پینے کا خیال بھی رکھے گا۔ریحان نے بہت پیارسے کتے کو گود میں اٹھا لیا اوراس سے پیارکرنے لگا۔کتا بھی دم ہلا کراپنی محبت اورخوشی کا اظہارکررہا تھا۔

پیارے بچو آپ گھر میں کوئی بھی جانوررکھیں یا پرندے،کبھی انکو بے جاتنگ نہ کریں،ان سے دوستی کریں اوروقت پر کھانا پینا دیں۔اس عمل سے اللہ بھی آپ سے خوش ہونگے اوریوم آخرت بھی آپ کو خوب انعام سے نوازیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.