اسلام آباد(جی این اے)پاکستان میں تقریباًایک کروڑ افرادکالے یرقان (ہیپاٹائیٹس)جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہیں،وزارت صحت کی طرف سے خطرناک اعدادوشمارسامنے آگئے ہیں۔
ڈاکٹرمختاراحمد جو وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر ہیں نے بتایا کہ کالے یرقان کے خاتمے اورروک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی بنائی جارہی ہے،وزیراعظم کا پروگرام برائے ہیپاٹائیٹس سی کا خاتمہ کا آغازبھی کیا جارہا ہے،یہ پروگرام وفاق اورچارصوبوں کے باہمی اشتراک سے تقریباً اڑسٹھ ارب روپے میں شروع کیا جائے گا۔
ڈاکٹرمختارکے مطابق اس پروگرام کے آغاز کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان مین کالے یرقان کے پھیلائو کو روکا جاسکے،اس حوالے سے پورے ملک میں بارہ سال سے زائد عمر کے افراد کی سکریننگ مفت کی جائے گی،علاوہ ازیں علاج معالجے کی سہولیات بھی فری دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ کالایرقان کے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے،یہ مرض خون سے پھیلتا ہے،اس حوالے سے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ہیپاٹائٹیس کے پھیلانے کی وجوہات کو سمجھیں اورخاص احتیاط بھی کریں۔