کراچی(جی این اے)کپتانی نہیں مانگی تھی بس اللہ کی طرف سے مل گئی تو میں نے بھی انکارنہیں کیا،آسٹریلیا اورزمبابوے میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے،کمی فخرزمان کی محسوس ہوگئی،کپتان قومی وائٹ بال محمد رضوان کی صحافیوں سے دبنگ بات چیت۔
محمدرضوان کہتے ہیں کہ زمبابوے اورآسٹریلیا کے دورے بہت اہم ہونگے،کوشش کریں گے کہ بہترکارکردگی کا مظاہرہ کریں۔کوچزکی تقرری کا معاملہ بھی پی سی بی کا ہی ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا اورزمبابوے کیلئے سینیرجونیئرزکا امتزاج ہے،وقت کی کمی کے باوجوداچھی کارکردگی کی امید ہے،نوجوان کھلاڑیوں سے بہت اچھی توقعات ہیں۔
انگلینڈکے دورہ پاکستان کے دوران عاقب جاوید نے شاندارطریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں،آسٹریلیا کی پچزہمارے ہاتھ میں نہیں،وہاں مشکل کنڈیشنز آسٹریلیا کی ہیں۔
فخرزمان کی صلاحیتوں سے کسی صورت انکارممکن نہیں وہ عالمی معیارکا کھلاڑی ہے،مگر بعض فیصلے ہم نہیں کرسکتے وہ انتظامیہ ہی کرتی ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت ہوئی ہے،امید کی جاسکتی ہے کہ فخرزمان کے حوالے سے کوئی اچھا حل نکل آئے گا۔
کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اچھا فیصلہ اوپنگ پیئر کے حوالے سے کریں گے،اس وقت ہماری توجہ چیمپئنزٹرافی اورانڈیا میں ہونے والے عالمی کپ پر بھی ہے،دونوں بہت اہم ایونٹ ہیں جن کیلئے تیاریاں ہم بھرپورکریں گے۔
کپتانی کے حوالے سے محمدرضوان نے کہا ہے کہ ٹیم کی قیادت کرنا بہت بڑا امتحان ہے،کپتانی مانگے بغیراللہ کی طرف سے ملی اورجو ذمہ داری اللہ کی طرف سے ملے انکارنہیں ہونا چاہیے۔کوشش ہوگی کہ اس ذمہ داری کو بااحسن پورا کروں۔
بھارتی ٹیم کے حوالے سے رضوان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنا چاہیے اگربھارتی ٹیم آئی تو ہماری طرف سے بھرپورخیرمقدم ہوگا۔