نیو یارک(جی این اے)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
جنوبی افریقہ دس سال بعد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ میزبان ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا تھا۔بارش کے باعث میچ کو روکا گیا اور جنوبی افریقہ کا ہدف 136 سے کم ہو کر 123 رنز ہو گیا جو اسے 17 اوورز میں مکمل کرنا تھا۔سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ 2 کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔یہ میچ ناک آؤٹ مرحلے کی حیثیت اختیار کر چکا تھا کیونکہ جیتنے والی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا تھا، جبکہ ویسٹ انڈیز اس شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی دعوت پر ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے روسٹن چیز 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کائل میئرز نے 35، آندرے رسل نے 15 رنز بنائے۔شائے ہوپ صفر، نکولس پورن اور کپتان پاوول ایک، ایک، عقیل حسین 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ الزاری جوزف 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے تبریز شمسی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ یانسن، مارکرم، مہاراج اور رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گروپ 2 سے انگلینڈ نے امریکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج ہو گا۔